پاکستان ایسوسی ایشن ۔قطر یوتھ ونگ کی جانب سے یومِ آزادی پاکستان کی رنگارنگ تقریب

پاکستان ایسوسی ایشن ۔قطر یوتھ ونگ کی جانب سے یومِ آزادی  پاکستان کی رنگارنگ تقریب
رپورٹ : شوکت علی نازؔ 
قطر۔ وطن سے محبت اور پیار کا اظہار ہر محبِ وطن پاکستانی اپنے اپنے انداز سے کرتا ہے، خاص طور پربیرون ملک مقیم پاکستانی اس جذبۂ حب الوطنی کے سلسلے میں اپنی انتہائی مصروفیات سے وقت نکال کر جو تقاریب منعقد کرتے ہیں وہ بے شک قابلِ ستائش ہیں۔
اسی سلسلہ کی ایک کڑی پاکستان ایسوسی ایشن ۔قطر یوتھ ونگ کے طالبعلموں کی جانب سے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پردوحہ کے ڈاؤن ٹاؤ ن ہوٹل کے فنکشن ہال کو رنگارنگ غباروں اور پاکستانی پرچموں سے سجا کر کیا گیا تھا، جس میں پاکستانی کلچر اور آرٹ کے رنگ نمایاں تھے جو وطنِ عزیز سے اُن کی محبت اور عقیدت کا منہ بولتا ثبوت تھا، یوتھ ونگ کی صدر مس اریبہ تجمل اورسیکریٹری مس لاریب رفاقت نے پروگرام کی نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انگریزی اور اردو زبان کے امتزاج سے انجام دیئے۔
سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان برائے قطرکے دفاعی اتاشی کموڈور عرفان تاج تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ دوسری مہما نِ خصوصی پاکستان ویمن ایسوسی ایشن۔ قطر کی چئیرپرسن مسز راحت منصور علی تھیں اور پاکستانی کمیونٹی کی معروف سماجی اور متحرک شخصیت چوہدری محمد اجمل مہمانِ اعزاز ی تھے۔
پاکستان ایسوسی ایشن ۔قطر کے چیئرمین سید فہیم الدین نے پاکستان ایسوسی ایشن کے مختصر تعارف اور یوتھ ونگ کے قیام کے اغراض و مقاصدبیان کرنے کے بعد پروگرام کی باگ ڈور یوتھ ونگ کے ذمہ دار بچوں کو سونپ دی۔ پروگرام کی تھیم (THE EVENT FOR KIDS FROM THE KIDS) تھی، اس ایونٹ کے کو سپانسر (WWICS)تھے، جن نمائندوں نے والدین اور طالبعلموں کواُن کے مستقبل کی تعلیمی جدو جہد کے حوالے سے راہنمائی فراہم کی۔پروگرام کابابرکت آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد فیضان سید نے حاصل کی،مس وردہ حسیب اور محمد احمد نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کاشرف حاصل کیا،ننھے بچوں کے ساتھ ساتھ تما م شرکاء نے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھ کر وطنِ عزیز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مس لاریب رفاقت،مس فاطمہ فرحا ن خورشید، عبدوہو اسامہ اور عبداللہ فاروق نے آزادی کے علاوہ مختلف اہم موضوعات پر تقاریر کرکے حاضرین کے دلوں کو گرمایا ، تقریب کا اہم حصہ پاکستان کے ملی نغموں پر مشتمل تھا جس میں مس اریبہ تجمل،ایمان رفاقت،مرتضےٰ نعیم،اریبہ نعیم،علی اسامہ،علی رضا، ایشا، عروشہ اوربچوں کے گروپ نے
دل چھو لینے والے ملی نغمے سنا کرملی جذبے اور وطن سے محبت کو ابھارنے میں اہم کردار ادا کیاجبکہ مسز شاہدہ تجمل نے ایک تاریخی ملی نغمہ ’’ اے راہِ حق کے شہید و ‘ ‘ سنا کرحاضرین کو آبدیدہ کر دیا،عبداللہ تجمل نے قائد اعظم محمد علی جناح کے کچھ فرمودات پڑھ کر سنائے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
شرکاء کی دلچسپی کے لئے پروگرام کے دوران اُن سے پاکستان کے حوالے سے مختلف سوالات کئے گئے اور درست جواب دینے پر اُن کی خدمت میں قیمتی انعامات بھی پیش کئے گئے ، کمیونٹی کی جن سرکردہ شخصیات نے پروگرام کو رونق بخشی اُن میں حسیب جیلانی ، عتیق الراشد، منصور علی خان، استاد عارف یاسین، رفاقت حسین، فر حان خورشید ، دیگر معزز خواتین و حضرات اور بچوں کی بہت بڑی تعداد شامل تھی۔
پاکستان ایسوسی ایشن ۔قطر کے پیٹرن تجمل آفتاب چیمہ نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے مہمانان اور حاضرین کی آمد کو سراہا اور آئندہ بھی اسی خلوص اور جذبے کے ساتھ ایسوسی ایشن کے پروگراموں میں شرکت کی درخواست کی،
PAQ کے چیف ایڈوائزر (راقم الحروف) شوکت علی نازؔ اور صدر اعجاز حیدر نے اپنے اشعار سناکر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا جبکہ دیگر عہدیداران اسامہ محمد،شاہد رفیق ، مراد علی،جاوید اقبال عابداور طاہر جمیل نے اپنے پیغامات کے ذریعے وطن سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔
مہمانِ خصوصی جناب کموڈور عرفان تاج نے اپنے خطاب میں کمیونٹی کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے فروغ پر زور دیا اور PAQکو مذید ترقی اور کامرانی کی نیک دعاؤں کے ساتھ پاکستان ایمبیسی کے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی اور فرمایا کہ آئیندہ سال اِنشاء اللہ یہ پروگرام پاکستان ایمبیسی کے ہال میں منعقد کروایاجائے گا۔
پاکستان ویمن ایسوسی ایشن ۔قطر کی چیئرپرسن مسز راحت منصور علی نے مَردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے والی خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے ملکی ترقی میں ہاتھ بٹانے والی خواتین کے جذبوں کو سرا ہا ۔
PAQ کے پیٹرن تجمل آفتاب چیمہ کی جانب سے حاضرین کے لئے پُر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس سے حاضرینِ محفل نے پورا پورا اِنصاف کیا۔۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com