واقعہ معراج سیرت رسول ﷺ کا بے مثال معجزہ ہے

 واقعہ معراج تاریخ انسانی کا نہایت محیر العقول اور سیرت رسول ﷺ کا بے مثال معجزہ ہے۔ معراج کا واقعہ مسلمانوں کی دلداری اور طمانیت کا سامان بھی ہے۔ پروفیسر ساجد میر 

لاہور … امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ واقعہ معراج تاریخ انسانی کا نہایت محیر العقول اور سیرت رسول ﷺ کا بے مثال معجزہ ہے۔  معجزات نبوی میں اللہ تعالی نے عبرت اور نصیحت کے بے شمار پہلو رکھے ہیں۔ جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس عظیم الشان سفر میں عطا کردہ تحفہ نماز در اصل ہر مشکل اور پریشانی کو دور کرنے اور ہر غم والم سے نجات پانے کا خدائی کا نسخہ ہے، ناسازگار ماحول میں اللہ تعالی سے مدد طلب کرنے کے لئے نماز سے بڑھ کر کوئی اور ذریعہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معراج کا واقعہ مسلمانوں کی دلداری اور طمانیت کا سامان ہے کہ وہ مصیبت اور مایوس کن حالات کی وجہ سے حوصلہ نہ ہاریں،بلکہ اس طرح کے واقعات ان کے پائے استقامت کو مضبوط تر کرتا چلائے اور خدا پر ان کا یقین بڑھتا جائے کہ جیسے رات کی تاریکیوں سے صبح کی پو پھٹتی ہے،اسی طرح باطل کے غلبہ وظہور کے بعد حق ایک نئی آب وتاب کے ساتھ دنیا کی ظلمتوں پر چھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ معراج ان جاں گسل حالات میں،اور حوصلہ شکن ماحول میں بھی امید و یقین کا پیغام دیتا ہے،اور سربلندی و عروج کی خدائی منصوبہ بندی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔کیوں کہ جب ایمان والے دین حق پر استقامت کے ساتھ جمے رہیں گے اور حالات کا مقابلہ کرتے رہیں گے وہ پھر وہی خدائی قدر ت پستیوں سے نکال کر سربلندیوں پر پہنچائے گی، جن کوذلیل و حقیر سمجھاجاتا رہا ان کے سر عزت و وقار کا تاج رکھے گی،اور جن کو مٹانے کی کوشیں کی جاتی رہیں ان ہی کے وجود سے دنیا کے نقشے کو بدلے گی،ظلم کا خاتمہ ہوگا، ناانصافیوں کا دور ختم ہوگا، حقوق تلفی کا بازار سرد پڑے گا،قتل و خون کا میدان ٹھنڈا ہو گا،شرط یہی ہے کہ ایمان و یقین اور استقامت کے ساتھ دین متین پر قائم رہیں،اور شریعت و سنت کی تعلیمات پر دل وجان سے عمل پیرا ہوں تو انشاء اللہ عروج وبلندی کا خدائی وعدہ ضرور پورا ہو گا۔

میڈیا سیل:106 راوی روڈ لاہور 042 37729933َ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com