پاک میڈیا گروپ کے زیر اہتمام جشن آزادی کی ستر سالہ تقریب

شیخوپورہ (ڈاکٹر ایم ایچ بابر سے) پاک میڈیا گروپ کے زیر اہتمام جشن آزادی کی ستر سالہ تقریب زیر صدارت سرپرست اعلیٰ پاک میڈیاگروپ الطاف قادر بھٹی منعقد ہوئی۔ تقریب میں معروف دانشور شاعر اور سینئر صحافی پروفیسر اعظمی نڈالوی صاحب مہمان خصوصی تھے دیگر مہمانان گرامی میں ڈی ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال داکٹر محمد نواز ورک ،چیئر مین اینٹی کرپشن ڈسٹرکٹ بار رانا محمد اقبال خان ایڈووکیٹ،سوئی ناردرن گیس کے سینئر آفیسر خواجہ محمد رفیق، سید محمد باقر رضا شاہ ، اورسینئر صحافی میاں انوار انجم شامل تھے ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا تلاوت اور نعت رسول مقبول کا شرف ارسلان فیض نے حاصل کیا اس کے بعد ڈاکٹر ایم ایچ بابر نے فکر انگیز ملی نغمہ چلو یہ سوچیں ہم آج مل کے جو اس زمیں سے کیا تھا ہم نے وہ عہد کیا ہم نبھا رہے ہیں پیش کر کے حاضرین سے داد سمیٹی ۔مقررین نے اپنے خطاب میں پاک دھرتی کی آزادی کے لئے شہید ہونے والے مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور نوجوان نسل کو بتایا کہ آزدی آسانی کے ساتھ حاصل نہیں ہوئی بلکہ اس کے پیچھے نوے سالوں کی کڑی جدوجہد بھی شامل ہے جو اٹھارہ سو ستاون سے شروع ہوکر بالآخر چودہ اگست انیس صد سنتالیس کو آزادی کی صورت میں اپنی منزل پر پہنچی ۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں دنیا کے نقشے پر ایک الگ خطۂ زمین پاکستان کے نام سے جگمگانے لگا مگر کیا جس مقصد کے لئے ہمارے اسلاف نے ایک الگ وطن حا صل کیا تھاآج ہم اس مقصد پر قائم ہیں یا نہیں ؟کہیں ہم اپنی منزل کھو تو نہیں رہے ؟ وہ مقصد ہم تبھی پانے میں کامیاب ہوں گے جب اس پاک وطن کو امن کا گہوارا بنا لیں گے ،جب اس میں لسانی ،مذہبی ،اور گروہی تعصبات کے کینسر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ،جب اس کے حکمران ماں دھرتی کی خیر چاہیں گے ،جب لیڈران قوم ہندو بنیئے کے حاشیہ بردار نہ ہوں گے جب نظام تعلیم ہمارا اپنا ہو گا جب ہم انگریزی فوبیا سے نکل کر اپنی قومی زبان کے پرچارک بن جائیں گے صحت کے حوالے سے فارما کوپیا ہمارا اپنا ہو گا تمام نوجوان نسل کا یہ فرض اولین ہے ارتقائے وطن تو ہو چکا اب بقائے وطن کے لئے فرمان قائد کے مطابق اتحاد تنظیم اور ایمان کے اصولوں پر کاربند ہو جائیں اللہ پاک اس دھرتی کو تا ابد سلامت رکھے ۔ صدر پاک میڈیا گروپ ڈاکٹر محمد اسحاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان تو حاصل ہو گیا مگر ہم ابھی تک پاکستانیت تک نہیں پہنچ پائے یہ نوجوان جو اپنی موٹر سائکلوں سے سائیلنسر نکال کے آزادی کا جشن منا رہے ہیں یا ون ویلنگ کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگا رہے ہیں درحقیقت وہ آزدی کی قدر ہی نہیں جانتے بلکہ وہ اپنے اسلاف کی قربانیوں کا تمسخر اڑا رہے ہیں ۔ تقریب سے سرپرست اعلیٰ پاک میڈیا گروپ الطاف قادرر بھٹی ،چئیرمین پاک میڈیا گروپ رانا محمد ایوب ، سنئیر وائس چئیرمین حامد قاضی ،وائس چیئرمین حاجی عبدالرؤف، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیض رسول ، چوہدری عثمان پرویز گوندل، محمد حنیف بھٹی ،محمد عدنان غفار،شیخ محمد طیب ،خواجہ محمد رفیق ، رانا محمد اقبال خان ایڈووکیٹ ،میڈیا کوارڈینیٹر پاک میڈیا گروپ محمد علی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا تقریب میں کمپئرنگ کے فرائض ڈاکٹر ایم ایچ بابر نے انجام دیئے ۔ تقریب کے آخر میں پاک وطن کی سترویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع کی گئی ۔ اس پروقار تقریب میں پاک میڈیا گروپ کے ممبران کے علاوہ شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تواضع کے بعد ملکی سلامتی استحکام ملی یکجہتی اور وطن دشمن طاقتوں کی نابودی کی دعا کی گئی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com