نوجوان اپنی صلاحیتیں ملکی ترقی اور اسلام کی خدمت کیلئے وقف کریں ۔ چوہدری ظہیر الدین 

نوجوان اپنی صلاحیتیں ملکی ترقی اور اسلام کی خدمت کیلئے وقف کریں ۔ چوہدری ظہیر الدین 
نبی ﷺ کی حیات طیبہ کو دیگر ادیان بھی اپنا رہے ہیں ۔ غزالی ٹرسٹ اسلاف کی تعلیمات کا امین ہے ۔ 
غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت مقابلہ مضمون نویسی کی تقریب سے طاہر رضا بخاری ، زاہد حسین اور دیگر کا خطاب 


 غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام سیرت رسولﷺ کے حوالے سے کُل پاکستان آن لائن مقابلہ مضمون نویسی کی تقریب تقسیم انعامات الحمرا ہال میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر کے بیشتر چھوٹے بڑے شہروں سے تعلق رکھنے والے شرکاء شامل ہوئے ۔ تقریب میں مقابلہ جیتنے والوں کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا ۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکرٹری اور سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی چوہدری ظہیر الدین ، ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس زاہد حسین اور معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر اشتیاق احمد گوندل تقریب کے اہم مہمانان تھے ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان خصوصی نے اس مقابلے کے انعقاد اور بالخصوص اس میں غیر مسلم کمیونٹی کی شرکت کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کو اس کاوش پر مبارکباد پیش کی ۔ اپنے خطاب میں چوہدری ظہیر الدین نے کہا نبی ﷺ کی ذات مبارک رحمت المسلمین نہیں ، رحمت اللعالمین ہے اور آپ ﷺ کی حیات طیبہ کو دوسرے ادیان بھی اپنا رہے ہیں ۔ انہوں نے نبی ﷺ کی حیاتِ پُرنور کے مختلف حوالے دئیے اور نوجوانوں سے کہا کہ وہ ملک کا مستقبل اور روشن دیا ہیں جنہیں ٹمٹماتے رہنا ہے ، لہذا اپنی صلاحیتوں کو ملکی ترقی اور اسلام اور پاکستان کی خدمت کیلئے وقف کریں ۔ ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کا کہنا تھا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ اسلاف کی تعلیمات اور روایات کا امین ہے اور ایسی سرگرمیوں کے انعقاد سے ہمیں اپنے اصل سے جوڑنے کی کوشش کررہا ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذکورہ سرگرمی منتظمین کیلئے دنیا میں آسانی اور یومِ آخرت نجات کا باعث ہوگی ۔ ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس زاہد حسین اور ڈاکٹر اشتیاق احمد گوندل نے کہا کہ دین اسلام مسلمانوں کیلئے نہیں ، انسانوں کیلئے ہے ۔ جب اس نعمت پر یقین پختہ ہوجائے گا تو اس کی عظمت کا احساس کئی گنا بڑھ جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ علم ہو تو اخلاق ، کردار اور عقیدہ ٹھیک ہوتا ہے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ سید عامر جعفری نے مقابلے کے انعقاد کا مقصد اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کے تعلیمی اداروں میں بنیادی طور پر طلباء کی تربیت کو فوکس کیا جاتا ہے اور سیرت رسول ﷺ پر مقابلہ جات کے انعقاد کا مقصد بھی لوگوں کی مذہبی ، روحانی اور سماجی تعلیم و تربیت کرنا ہے تا کہ ان میں اسلام اور پاکستان سے محبت پیدا ہو اور پاکستانیت فروغ پانے کے ساتھ ساتھ وہ اسلام کے ساتھ صحیح معنوں میں جڑ سکیں ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس کاوش کے انعقاد سے لوگوں میں حیات طیبہ ﷺ سے متعلق آگہی اور مطالعہ کی رغبت پیدا ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ مقابلے میں ہشتم سے ڈاکٹریٹ تک کی تعلیمی اہلیت والے 1500 سے زائد افراد بشمول کرسچن کمیونٹی نے بھی شرکت کی اور رسولِ مبیں ﷺ کی ذاتِ پُرنور سے متعلق قلم کشائی کی ۔ تقریب میں ونرز کو کیش انعامات ، اسناد اور اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا ۔ 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com